نئی دہلی،6؍مئی (ایس او نیوز؍ایجنسی) کورونا کے معاملوں میں اضافہ کی خبروں کے بیچ لوگوں میں اس سے بچاؤ کے لئے بیداری پیدا ہو رہی ہے اور لوگ جہاں خود جانچ کرا رہے ہیں وہیں شہروں میں بڑی تعداد میں بوسٹر ڈوز لگوانے کے لئے آگے آ رہے ہیں۔ ابھی تک کووڈ ٹیکہ کاری مہم کے تحت ملک بھر میں 189.81 کروڑ سے زیادہ افراد کو کووڈ ویکسین لگائی گئی ہیں۔
صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت نے جمعہ کو بتایا کہ آج صبح 7 بجے تک 189 کروڑ 81 لاکھ 52 ہزار 695 افراد کو کووڈ ویکسین دی گئی ہے۔وزارت نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کووڈ وائرس کے 3545 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ملک میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 19 ہزار 688 ہو گئی ہے۔ یہ متاثرہ کیسز کا 0.05 فیصد ہے۔ یومیہ کیسز کی شرح 0.76 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
وزارت نے کہا کہ اسی مدت میں 3549 مریض کووڈ سے شفایاب ہوئے۔ اب تک مجموعی طور پر چار کروڑ 25 لاکھ 51 ہزار 248 کووڈ سے صحت یاب ہوچکے ہیں اور اس کی شرح 98.74 فیصد ہے۔